دو درجے ترقی کے بعد پانچویں پوزیشن حاصل، برازیل اور پرتگال کو پیچھے چھوڑ دیا، مراکش عالمی فٹبال میں نئی تاریخ رقم کرنے والا پہلا عرب ملک بن گیا

(ای پی آئی)مراکش نے فٹبال کی دنیا میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا، مینز فیفا کی عالمی رینکنگ میں پہلی بار ٹاپ 5 ٹیموں میں جگہ بنانے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔ نئی رینکنگ میں مراکش نے دو درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کرلی ہے اور پوائنٹس کے اعتبار سے برازیل اور پرتگال کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔*

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل مراکش کی فیفا رینکنگ میں بہترین پوزیشن ساتویں نمبر تھی۔ اس کامیابی کے ساتھ مراکش نہ صرف عرب دنیا بلکہ افریقہ کا بھی دوسرا ملک بن گیا ہے جس نے مینز عالمی رینکنگ میں ٹاپ 5 میں جگہ حاصل کی ہے۔

مراکش کی عالمی رینکنگ میں ترقی کی بڑی وجہ حالیہ بین الاقوامی اور براعظمی مقابلوں میں ٹیم کی مسلسل شاندار کارکردگی ہے۔ مراکشی ٹیم نے 2022 میں قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرکے تاریخ رقم کی تھی۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی پہلی افریقی اور عرب ٹیم بنی تھی۔

مراکش نے 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، تاہم فرانس کے ہاتھوں شکست کے بعد اس کا سفر ختم ہوگیا۔ اس کے باوجود مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک پہنچنے سے عالمی فٹبال میں مراکش کی مضبوط حیثیت برقرار رہی۔

ورلڈ کپ کے بعد بھی مراکشی ٹیم کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محمد اوہابی کی کوچنگ میں ٹیم افریقن کپ آف نیشنز 2027 کے کوالیفائنگ مرحلے میں اپنے تمام میچز جیت چکی ہے۔ مراکش نے اپنے تازہ کوالیفائنگ مقابلے میں نائجر کو پانچ صفر سے شکست دی تھی۔ رباط میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کے بعد مراکش گروپ اے میں اپنے حریفوں سے 9 پوائنٹس آگے ہے۔

دوسری جانب افریقن کپ آف نیشنز کی حالیہ چیمپئن شپ کا معاملہ تاحال تنازع کا شکار ہے۔ رواں سال جنوری میں مراکش کے شہر رباط میں کھیلے گئے فائنل میں سینیگال نے میزبان ٹیم کو اضافی وقت میں ایک گول سے شکست دی تھی۔ میچ کے آخری لمحات میں سینیگال کے خلاف پنالٹی دیے جانے پر اس کے کھلاڑیوں نے احتجاجاً تقریباً 14 منٹ کے لیے میدان چھوڑ دیا تھا، تاہم بعد میں دوبارہ کھیل شروع ہوا۔

مراکش پنالٹی پر گول کرنے میں ناکام رہا اور مقابلہ اضافی وقت میں چلا گیا، جہاں سینیگال نے فیصلہ کن گول کرکے ایک صفر سے کامیابی حاصل کی۔ تاہم دو ماہ بعد افریقی فٹبال کنفیڈریشن کے اپیل بورڈ نے فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے سینیگال کو میچ سے دستبردار قرار دیا اور مراکش کو تین صفر سے فاتح قرار دے کر چیمپئن کا اعزاز دے دیا۔

سینیگال نے اس فیصلے کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت میں اپیل دائر کر رکھی ہے، جس پر سماعت ہونا باقی ہے، اس لیے افریقن کپ آف نیشنز کے ٹائٹل کا تنازع بھی برقرار ہے۔ مراکش نے 1976 کے بعد دوسری مرتبہ افریقن کپ آف نیشنز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

واضح رہے کہ مراکش 2030 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے مشترکہ میزبان ممالک میں بھی شامل ہے۔ یہ عالمی ٹورنامنٹ اسپین اور پرتگال کے ساتھ مل کر منعقد کیا جائے گا۔