پاکستان بنگلا دیش کیلئے نیک خواہشات رکھتاہے اوربرادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے،بنگلا دیش کے سول سرونٹس وفد سے خطاب

اسلام آباد (ای پی آئی)نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان بنگلا دیش سمیت تمام دوست ممالک کواہمیت دیتا ہے، جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کیلئے باہمی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے۔

بنگلا دیش کے سول سرونٹس وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کیلئے نیک خواہشات رکھتاہے اوربرادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بنگلا دیشی افسران کا یہ وفد پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان قائم نالج کوریڈور کے تحت ایگزیکٹو لیڈرشپ ٹریننگ پروگرام میں شرکت کے لیے پاکستان آیا ہے۔

یہ تربیتی پروگرام ایگزیکٹو ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان علم، تجربات اور سرکاری اداروں کی سطح پر تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے باہمی احترام، اعتماد اور خیرسگالی کی بنیاد پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان اور بنگلا دیش نالج کوریڈور کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور ادارہ جاتی تبادلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس تربیتی پروگرام کے ذریعے دونوں ممالک کے سرکاری افسران کو حکومتی امور اور عوامی انتظامی نظام سے متعلق اپنے تجربات اور مہارتوں کے تبادلے کا موقع ملے گا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایسے پروگرام نہ صرف پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دیتے ہیں بلکہ دونوں ممالک کے افسران کے درمیان دیرپا تعلقات اور دوستی کے رشتے قائم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں۔