پاکستان کے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس میں رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران 157فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزارت اقتصادی امور نے غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کی رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جولائی تا اکتوبر 2026 میں 5 ارب 85 کروڑ 53 لاکھ ڈالر کا غیر ملکی قرضہ لیا جبکہ اسی دوران 3 کروڑ 61 لاکھ ڈالرز کی گرانٹس موصول ہوئیں۔

وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی قرضوں اور گرانٹس کا مجموعی حجم 5 ارب 89 کروڑ ڈالر رہا۔

نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کے ذریعے اکتوبر 2026 میں 44 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے، جبکہ ستمبر 2026 میں اس مد میں 31 کروڑ ڈالر موصول ہوئے تھے، رپورٹ کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سالانہ بنیادوں پر سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

جولائی سے اکتوبر کے دوران چین سے 30 کروڑ 55 لاکھ ڈالر کے ضمانتی قرضے موصول ہوئے، جبکہ اکتوبر میں سعودی عرب نے پاکستان کو ایک کروڑ 41 لاکھ ڈالر فراہم کیے۔ فرانس سے 2 کروڑ ڈالر اور جرمنی سے ایک کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت بھی حاصل ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی بینک کے آئی ڈی اے پروگرام کے تحت چار ماہ میں 42 کروڑ 75 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 17 کروڑ ڈالر اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے 2 کروڑ 76 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے۔

اسلامی ترقیاتی بینک نے چار ماہ کے دوران 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کیے، جبکہ اسی بینک سے شارٹ ٹرم فنانسنگ کی مد میں مزید 23 کروڑ 84 لاکھ ڈالر بھی موصول ہوئے۔