عدالت نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم بھی جاری کیا ہے

اسلام آباد (ای پی آئی) جمعیت علما ئے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

ایف آئی آر نمبر 1212/26 کے تحت اسلام آباد کے سیکٹر I-9/4 میں فاروق اعظم مسجد کے قریب جے یو آئی (ف) کے کارکنان پر بغیر پیشگی اجازت یا این او سی اجتماع کرنے اور سڑک بلاک کرنے کا الزام ہے۔

متن کے مطابق پولیس کی جانب سے روکنے پر مفتی ابرار کی قیادت میں کارکنان نے پولیس پارٹی پر پتھراؤ کیا، سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچایا اور اسلحے کے زور پر سرکاری امور کی انجام دہی میں رکاوٹ ڈالی، اس دوران عام شہریوں، مسافروں اور رہائشی فلیٹس کے مکینوں کو محصور کرنے اور ان کی جان و مال کو خطرے میں ڈالنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

معزز جج اسپیشل کورٹ برائے انسدادِ دہشت گردی اسلام آباد نے مقدمے میں 7 اے ٹی اے سمیت سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار، سکنہ مسجد فاروق اعظم سیکٹر I-9/4 اسلام آباد، کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

متن کے مطابق گرفتاری کے خوف سے مفتی ابرار روپوش ہیں جبکہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،عدالت نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم بھی جاری کیا ہے۔