اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے علاقے ڈی 14 میں ایک مکان سے گدھوں اور کتوں کا 800 کلو گوشت برآمد ہوا ہے، جس پر فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران مکان سے 12 زندہ گدھے، ایک مردہ گدھا اور 5 زندہ کتے بھی برآمد ہوئے۔ اس کے علاوہ 21 کچھوے، ایک گیدڑ اور ایک زندہ پینگولین بھی ملے۔

حکام کا کہنا ہے کہ گوشت اور جانوروں کی ترسیل سے متعلق کوئی ریکارڈ یا سرکاری اجازت نامہ موجود نہیں تھا۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق زندہ جانور محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کر دیے گئے جبکہ مکان کو سیل کر دیا گیا۔

اسلام آباد میں غیر قانونی گوشت کے مبینہ کاروبار پر کئی سوالات اٹھ گئے، 800 کلو مشتبہ گوشت کہاں سے آیا اور اسے کہاں سپلائی کیا جانا تھا؟