راولپنڈی: (ای پی آئی) دائگل گاؤں میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ بدسلوکی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سسرالیوں پر الزام ہے کہ انہوں نے بہو کے بال کاٹنے کے بعد اسے باتھ روم میں بند کردیا اور کمرے کے باہر کتے بٹھا دیے۔

واقعے کی اطلاع ون فائیو پر دی گئی، جس کے بعد پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور خاتون کو بحفاظت اس کے والدین کے حوالے کردیا۔

متاثرہ خاتون مایا افضل نے شوہر دانش ذوالفقار اور ساس کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس سے رجوع کرلیا ہے۔ صدر بیرونی پولیس کے مطابق خاتون کی درخواست وصول کرلی گئی ہے اور معاملے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

متاثرہ خاتون نے وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سے بھی اپیل کی ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔