یوگنڈا سالانہ 30 کروڑ ڈالر کے چاول درآمد کرتا ہے لیکن پاکستان کا حصہ صرف 30 لاکھ ڈالر ہے ، رانا تنویر حسین

اسلام آباد (ای پی آئی) پاکستان اور یوگنڈا نے زرعی تجارت اور دوطرفہ تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ یوگنڈا کو پاکستانی چاول کی برآمدات میں نمایاں اضافے کے لیے عملی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔*

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین سے یوگنڈا کی وزیرِ مملکت برائے زراعت ڈیزائر موہوزا نے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان زرعی تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران رانا تنویر حسین نے بتایا کہ یوگنڈا سالانہ تقریباً 30 کروڑ ڈالر مالیت کے چاول درآمد کرتا ہے، تاہم اس بڑی منڈی میں پاکستان کا حصہ صرف 30 لاکھ ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یوگنڈا کو اعلیٰ معیار کے چاول مسابقتی قیمتوں پر فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور اس تجارت میں نمایاں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی چاول کے برآمد کنندگان اور یوگنڈا کے درآمد کنندگان کے درمیان براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ درمیانی منڈیوں اور غیر ضروری تجارتی واسطوں کو ختم کرکے براہِ راست تجارت کو فروغ دینے سے اخراجات میں کمی اور پاکستانی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔

ملاقات میں پاکستان اور یوگنڈا کے درمیان زرعی تعاون کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ رانا تنویر حسین کے مطابق یہ ورکنگ گروپ زرعی تجارت، تکنیکی مسائل کے حل اور تحقیق کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

دونوں فریقین نے زرعی تعاون سے متعلق زیرِ التوا مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی شعبے میں تعاون کو باضابطہ اور مؤثر بنایا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے یوگنڈا کے وفد کو پاکستان کی زرعی تحقیقی صلاحیتوں، جدید سہولیات اور تحقیق کے مختلف شعبوں میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر یوگنڈا کے وفد کو اسلام آباد میں قومی زرعی تحقیقاتی مرکز کا دورہ کرانے کی تجویز بھی پیش کی گئی تاکہ پاکستانی زرعی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔

ملاقات میں گندم، چاول، آلو، بیجوں کی ٹیکنالوجی اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے زرعی پیداوار میں اضافے، جدید ٹیکنالوجی کے تبادلے اور تجارتی روابط مضبوط بنانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر رانا تنویر حسین نے پاکستانی زیتون کے تیل کی بین الاقوامی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی زیتون کے تیل نے نیویارک میں منعقدہ بین الاقوامی معیار کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی زرعی مصنوعات عالمی منڈیوں میں اپنی جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور یوگنڈا سمیت افریقی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط مضبوط بنا کر پاکستانی زرعی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔