نئے صوبوں کا معاملہ ملک کے مستقبل اور انتظامی کارکردگی سے جڑا ہے، چوہدری شجاعت حسین کی نقوی سے ملاقات
(ای پی آئی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا تعلق براہ راست عوامی سہولت، بہتر طرز حکمرانی، انتظامی کارکردگی اور ملک کے مستقبل سے ہے، جبکہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانا بھی عوامی مسائل کے حل کا ایک مؤثر راستہ ہوسکتا ہے۔*
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، امن و امان کے قیام کے لیے حکومتی اقدامات اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے معاملے کو محض انتظامی تقسیم کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اس کا بنیادی مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا، حکومتی کارکردگی بہتر بنانا اور انتظامی مسائل کا مؤثر حل تلاش کرنا ہونا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتظامی یونٹس کو مضبوط اور بااختیار بنانے سے بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکتی ہیں اور اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے ذریعے حکومتی نظام کو زیادہ مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملک میں امن و امان کی صورتحال اور اس حوالے سے حکومتی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کو درپیش انتظامی چیلنجز، عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے مختلف اقدامات پر گفتگو ہوئی۔


