ہمیں ملک میں ایسا نظام بنانا ہوگا جس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں اعتماد کرسکیں تبھی ہم مشکل معاشی حالات کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ملک کے حالات سے میں خود مایوس ہوں تو پاکستان کے نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی، سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب
16 سے 29 سال عمر کے سندھ کے نوجوانوں  کو یوتھ کارڈ دیے جائیں گے، یہ کارڈ ویزہ کارڈ کی طرح ہوگا جو عالمی مالیاتی نظام سے منسلک ہوگا، چیئرمین پیپلزپارٹی

(ای پی آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اگر کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہونا چاہیے، سیاستدان اور حکمران نفرت اور تقسیم کی سیاست چھوڑ کر عوام کو ریلیف دینے اور ملک کے حالات بہتر بنانے پر توجہ دیں، حکومت اور اپوزیشن سمیت عوام کا موجودہ نظام پر اعتماد بحال کرنا ہوگا، پارلیمنٹ کی بالادستی، عدلیہ، انتخابی اور احتساب کے نظام پر اعتماد کی بحالی کے بغیر ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، نوجوان ایسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو اور تمام شہریوں کے لیے بلاتفریق انصاف اور احتساب کا نظام موجود ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے سندھ یوتھ کارڈ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت یوتھ کارڈ شروع کرکے آج ایک بار پھر تاریخ رقم کرنے جا رہی ہے۔ ملک کے موجودہ حالات سے اگر وہ خود مایوس ہیں تو نوجوانوں کی مایوسی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ وہ گزشتہ 20 سال سے پاکستان کی سیاست میں ہیں اور اس سے بھی کم عرصے سے پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، اس دوران تمام سیاسی جماعتوں سے ان کا رابطہ رہا ہے۔ موجودہ حالات میں سب کو اختلافات ایک طرف رکھ کر عوام اور ملک کے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے جمہوری ری سیٹ ضروری ہے، جس کے ذریعے پارلیمنٹ کی بالادستی بحال کرنے کے ساتھ عدالتوں، انتخابی اور احتساب کے نظام پر عوام کا اعتماد بھی بحال کرنا ہوگا۔ پاکستان کے نوجوان ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو۔ اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے ایسا نظام تشکیل دینا ہوگا جس سے کرپشن کے راستے بند ہوں اور احتساب کا عمل بلاامتیاز ہو۔ انتقامی کارروائیوں اور بلا تصدیق اقدامات کے بجائے ملک کے حالات بہتر بنانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو ایک دوسرے پر اعتماد بحال کرنے کی کوشش کرنا ہوگی، اسی طرح عوام کا بھی اپنے نظام پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ سیاستدانوں کو نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کرکے قومی اتحاد اور اتفاق رائے کو فروغ دینا چاہیے۔ اگر ہم آپس میں لڑتے اور تقسیم ہوتے رہے اور امید کے بجائے نفرت پھیلاتے رہے تو کسی بھی بحران کا مقابلہ نہیں کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش تمام مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے متحدہ قومی محاذ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ معاشی بحران ہو، جنگی صورتحال ہو، کوئی قدرتی آفت یا مصنوعی ذہانت کے باعث پیدا ہونے والا نیا چیلنج، متحد قوم ہر مشکل کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ ایک متحد پاکستان کسی بھی بحران سے نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ آنے والی نسلیں ہم سے سوال کریں گی کہ جب ملک مشکلات کا شکار تھا تو انہیں ان حالات سے بچانے کے لیے ہم نے کیا اقدامات کیے۔ ہماری کامیابی پاکستان کے عوام اور ملک کی کامیابی ہوگی۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس وقت سب سے زیادہ مشکلات نوجوان طبقے کو درپیش ہیں، جنہیں روزگار کے مواقع میسر نہیں۔ ہم محدود وسائل کے باوجود نوجوانوں کی مدد اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سندھ یوتھ کارڈ کا اجرا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کے ذریعے نوجوانوں کو مختلف مالی فوائد اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ 16 سے 29 سال عمر کے نوجوانوں کو جاری کیے جائیں گے اور ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ نوجوان اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ یہ کارڈ ویزا کارڈ کی طرز پر ہوگا اور عالمی مالیاتی نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ اس کے ذریعے نوجوانوں کو وظائف اور دیگر مالی فوائد فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں سبسڈی دینے کے لیے بھی کوشش کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے نجی شعبے سے بھی اپیل کی کہ وہ سندھ یوتھ کارڈ کے حامل نوجوانوں کے لیے خصوصی سہولیات اور مراعات متعارف کرائے تاکہ نوجوان اس پروگرام سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت وفاق اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اور انقلابی اقدام کرنے جا رہی ہے۔

سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت 10 لاکھ گھر تعمیر کرکے ریکارڈ قائم کیا گیا۔ اس ہاؤسنگ اسکیم کے ذریعے 10 لاکھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے۔ گھروں کی فراہمی سے متاثرہ خاندانوں کو رہائش کے ساتھ معاشی مشکلات سے نکلنے میں بھی مدد ملی۔

انہوں نے کہا کہ یوتھ کارڈ کے ذریعے سندھ حکومت چھوٹے کسانوں کو بھی مالی معاونت فراہم کرتی ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور دیگر شعبوں میں سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ سندھ حکومت نوجوانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے اور ان کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے محدود وسائل میں بھی اقدامات کررہی ہے۔