100 ارب روپے سے زائد قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور، کسی سیاسی مداخلت کو برداشت نہیں کریں گے،تقریب سےخطاب
اسلام آباد (ای پی آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب اور محنت کش خاندانوں کو چھت فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، شبانہ روز محنت کرنے والے افراد اپنے گھر کے خواب کو ترستے ہیں، اگر ہم غریب مزدور اور بیوہ کو چھت فراہم نہیں کرسکتے تو ہمیں اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت شہریوں کو 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔ قرضوں کی فراہمی میں سیاسی مداخلت، کرپشن اور اقربا پروری کی کوئی گنجائش نہیں، میرٹ پر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے شخص کو بھی قرض ملتا ہے تو ضرور ملنا چاہیے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور ہونے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن حکومت اور ان ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے جنہیں اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے۔ جن خاندانوں کو گھر ملا ہے انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے بینکوں کو ہدایت کی کہ قرضوں کی منظوری کا عمل برق رفتاری سے مکمل کیا جائے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹیں مل بیٹھ کر دور کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قرضوں کی فراہمی کے عمل میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قرض حاصل کرنے والوں سے کسی نے سیاسی جماعت کے بارے میں نہیں پوچھا، یہی شفافیت اور میرٹ ہے۔ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے مستحق شخص کو میرٹ پر قرض ملتا ہے تو اسے ضرور ملنا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ وسائل قوم کے ہیں اور ان پر حق داروں کا حق ہے، ملک میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت قرضوں کی فراہمی میں نہ کرپشن ہوئی اور نہ ہی اقربا پروری، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں ایک گھر کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ مکان صرف ایک کمرے پر مشتمل تھا۔ وہاں موجود خاتون سے جب ان کے کام کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ کپڑے سینے کا کام کرتی ہیں اور بڑی مشکل سے گھر کا خرچ چلاتی ہیں۔ خاتون نے اپنی بیٹی کی بیماری اور گھریلو مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ صورت حال اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہے کہ ملک میں ایک بڑی تعداد اب بھی چھت، تعلیم اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے، جبکہ وسائل کا بڑا حصہ مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اس مقصد کے لیے قائم نہیں کیا گیا تھا کہ یہاں غریب اور محنت کش بنیادی سہولتوں سے محروم رہیں۔ قیام پاکستان کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں اور خون کے دریا عبور کیے۔ اگر حکومت غریب مزدوروں اور بیواؤں کو چھت فراہم نہیں کرسکتی تو اس کے اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ غریب خاندانوں کے لیے ضرورت پڑی تو کروڑوں گھر بھی تعمیر کیے جائیں گے۔
وزیراعظم نے پنجاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں شروع کی گئی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کا پہلا منصوبہ آشیانہ قائد تھا، بعد ازاں آشیانہ اقبال اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی ایسے منصوبے شروع کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر ہر شہری کا خواب ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ موجودہ پروگرام کے تحت ہزاروں خاندان اس خواب کو حقیقت میں بدلنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا۔ صوبوں کی جانب سے بھی گھروں کے لیے قرضوں کی فراہمی اچھی پیش رفت ہے، تاہم 75 ہزار گھروں کا ہدف ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ اس پروگرام کو وسعت دینے اور زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے وزیر ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ بینکرز کے اجلاس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ اگر وزیراعظم بھی کسی غیرمستحق شخص کے حق میں سفارش کرے تو بینک اسے مسترد کردیں، کیونکہ قرضوں کی فراہمی صرف میرٹ پر ہونی چاہیے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام تو آگیا ہے، لیکن یہ جائز سوال ہے کہ عام پاکستانی کو اس کا فائدہ کب ہوگا، حکومت معیشت کی…


