ووزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ انہیں کسی قسم کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی انہیں اپنا مؤقف بیان کرنے کے لیے منہ چھپانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی کی کارکردگی پر بطور ساتھی اور سیاسی کارکن تنقید کرنا ان کا حق ہے۔
رانا ثناء اللہ کے مطابق محسن نقوی کو اپنی ناکامیوں پر ردعمل دینے کے بجائے یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ نئے صوبوں کے معاملے کو درست انداز میں نہ سنبھالنے کے باعث اسے متنازع بنا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر متعلقہ معاملات کو زیر بحث لا کر اس اہم معاملے کو مزید الجھا دیا گیا ہے، جس کے باعث اب یہ تنازع پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے کسی قابلِ قبول حل یا درمیانی راستے کی گنجائش موجود ہو سکتی ہے، تاہم پیپلز پارٹی نے ریفرنڈم کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بزنس مین تو کسی کو بخار نہ دیں، اربوں روپے سیاسی جماعتوں کو کیوں دیں گے؟ میرا چیلنج ہے، بتائیں کس کاروباری شخصیت نے ن لیگ کو اربوں، لاکھوں یا سو روپے بھی دیے ہوں۔


