اسٹیٹ بینک ملازم کی مستقلی سے متعلق این آئی آر سی اور ہائیکورٹ کے احکامات کالعدم
اسلام آباد (ای پی آئی) وفاقی آئینی عدالت نے تھرڈ پارٹی کنٹریکٹر کے ذریعے کام کرنے والے ملازمین کی مستقلی سے متعلق اہم فیصلہ جاری کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ ایسے ملازمین محض طویل عرصے تک ملازمت کرنے کی بنیاد پر مستقل ہونے کا حق نہیں رکھتے۔*
جسٹس عامر فاروق نے 18 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس سے جسٹس روزی خان نے اتفاق کیا، جبکہ جسٹس ارشد حسین شاہ نے فیصلے سے اختلاف کیا۔
تحریری فیصلے میں قرار دیا گیا کہ طویل ملازمت یا نو ماہ سے زائد عرصے تک کام کرنا ریگولرائزیشن کا ازخود حق پیدا نہیں کرتا۔ تھرڈ پارٹی معاہدے کے تحت کام کرنے والے ملازم کو مستقل ورک مین تسلیم کرنا معاہدے کی نفی کے مترادف ہوگا۔
عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ متعلقہ ملازم کی تنخواہ اور برطرفی کے معاملات کنٹریکٹر کے اختیار میں تھے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان براہ راست تنخواہ ادا نہیں کرتا تھا۔ ایسے میں اسٹیٹ بینک کو ملازم مستقل کرنے کا حکم دینا درست نہیں تھا۔
فیصلے کے مطابق قانون یا پالیسی کے بغیر کسی ملازم کو مستقل ہونے کا حق حاصل نہیں اور عدالت کو بھی کسی ملازم کو ریگولرائز کرنے کا اختیار نہیں۔
دوسری جانب جسٹس ارشد حسین شاہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں لکھا کہ محض کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی یا آؤٹ سورسنگ کا لیبل کسی ملازم کے قانونی حقوق ختم نہیں کرسکتا۔ معاملے کا فیصلہ کرتے ہوئے اصل صورتحال اور شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
اختلافی نوٹ میں مزید کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکلز 3، 4 اور 25 کے تحت حاصل قانونی تحفظات کو معاہدوں کے ذریعے بے اثر نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس ارشد حسین شاہ کے مطابق این آئی آر سی اور ہائیکورٹ کے فیصلے درست تھے اور ان میں مداخلت کا کوئی جواز نہیں تھا۔


