وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو عزت، تحفظ اور مساوی حقوق فراہم کرنا ایک مہذب معاشرے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کا احترام ہماری مذہبی تعلیمات اور معاشرتی اقدار کا لازمی حصہ ہے، جبکہ اسلام نے خواتین کو عزت و وقار اور حقوق دینے کی واضح تعلیم دی ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ قرآن و سنت میں خواتین کے ساتھ حسن سلوک، نرمی اور احترام کا درس دیا گیا ہے۔ عورت پر تشدد کسی صورت قابل قبول نہیں، خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے عناصر بزدلی اور مجرمانہ ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہیں، ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبائی حکومت خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں پنجاب میں ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن قائم کیا گیا ہے، جہاں خواتین گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کروا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پینک بٹن کے ذریعے فوری پولیس مدد حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جبکہ ویمن پولیس ہیلپ لائن بھی فعال ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ خواتین سے متعلق مقدمات میں فوری انصاف کی فراہمی کے لیے اسپیڈی کورٹس کے قیام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ مریم نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، انہیں تشدد سے بچانے اور معاشرے میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ، باوقار اور تشدد سے پاک ماحول ہی ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔