اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ کے حوالے سے استعمال کی گئی دھمکی آمیز زبان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کے طرزِ گفتگو پر اعتراض اٹھا دیا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ طاقت کے مراکز کے قریب ہونے کا یہ مطلب نہیں کہ دوسروں کو نظر انداز یا دباؤ میں لایا جائے۔ محسن نقوی کو رانا ثناء اللہ کے لیے دھمکی آمیز الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں تھے، ایسی گفتگو سیاسی روایات کے مطابق نہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ صوبوں سے متعلق معاملات کو محسن نقوی نے جس انداز میں ڈیل کیا، اس پر پارٹی کے اندر بھی تحفظات اور بے چینی پائی جاتی ہے۔

27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے اس مؤقف کو مسترد کیا کہ ترمیم زبردستی منظور کروائی گئی۔ ان کے مطابق اسے زبردستی منظور کرانے کا تاثر سیاسی بددیانتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس ترمیم سے سب سے بڑا فائدہ صدر آصف علی زرداری کو حاصل ہوا، جنہیں تاحیات استثنیٰ دیا گیا۔