ڈیموکریٹس نے جنگ رکوانے کے لیے حکومتی شٹ ڈاؤن کی حمایت کردی

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کے خلاف، بعض ریپبلکن ارکان بھی جنگ کے لیے فنڈنگ میں کمی پر غور کر رہے ہیں،

ڈیموکریٹس نے جنگ روکنے کی کوشش کی تو وہ ایک مکمل فتح کو شکست میں تبدیل کردیں گے۔ٹرمپ کا جنوری کے آخر تک جنگ کے اخراجات پورے ہونے کا دعویٰ

( ای پی آئی) یونیورسٹی آف میری لینڈ اور سروے ادارے اِپسوس کے گزشتہ ہفتے کیے گئے ایک سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ 55 فیصد امریکی شہری ایران کے خلاف جنگ فوری طور پر ختم کرنے کے حامی ہیں۔ سروے کے مطابق ڈیموکریٹک ووٹرز کی اکثریت بھی جنگ ختم کرانے کے لیے حکومتی امور کی بندش کی حمایت کرتی ہے۔

سروے میں شامل 53 فیصد ڈیموکریٹک ووٹرز نے اس امکان کی حمایت کی کہ ٹرمپ انتظامیہ کو ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے پر مجبور کرنے کے لیے حکومتی فنڈنگ روک دی جائے۔ ایک ہزار 22 امریکی شہریوں پر کیے گئے اس سروے میں غلطی کا امکان 3.2 فیصد بتایا گیا ہے۔امریکی کانگریس کا اجلاس آئندہ ہفتے دوبارہ شروع ہوگا اور حکومتی امور کی بندش سے بچنے کے لیے 11 دسمبر تک قانون سازی اور بجٹ کی منظوری ضروری ہے۔ جنوری میں کانگریس کا کنٹرول ڈیموکریٹس کو منتقل ہونے کے پیش نظر بعض ریپبلکن ارکان بھی جنگ کے لیے فنڈنگ میں کمی پر غور کر رہے ہیں، جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف کے خلاف ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے اخراجات جنوری کے آخر تک پورے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کانگریس میں ڈیموکریٹس نے جنگ روکنے کی کوشش کی تو وہ ایک مکمل فتح کو شکست میں تبدیل کردیں گے۔

نیویارک پوسٹ کو انٹرویو میں ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ جنوری میں ڈیموکریٹس کے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ان کے فوجی اقدامات محدود ہوسکتے ہیں، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ حزب اختلاف جنگ کو قبل از وقت ختم کرنے پر مجبور نہیں کرے گی۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ، فضائی دفاعی نظام اور قیادت ختم ہوچکی ہے۔ ان کے بقول امریکا جب چاہے جنگ ختم کرسکتا ہے، تاہم ڈیموکریٹس نے اگر مداخلت کی تو وہ حاصل ہونے والی فتح کو شکست میں بدل دیں گے۔جنگ کے لیے فنڈز ختم ہونے کے امکان سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین کرنا مشکل ہے کہ ڈیموکریٹس فتح کو شکست میں بدل دیں گے، کیونکہ جنوری کے آخر تک جنگ کے اخراجات کے لیے فنڈز دستیاب ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران میں اسلامی جمہوری نظام کا خاتمہ اسرائیل کا ہدف ہے اور یہ مقصد ممکنہ طور پر حاصل کیا جاسکتا ہے، تاہم یہ ان کا اپنا مقصد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف یہ چاہتے ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے، وہ کبھی بھی ایران میں نظام کی تبدیلی کے حق یا مخالفت میں نہیں رہے اور نہ ہی یہ ان کی پالیسی کا بنیادی مقصد تھا