ڈکیتی، چوری اور منشیات کے مقدمات میں مطلوب ملزمان سے اسلحہ، منشیات، مسروقہ موٹر سائیکل اور نقدی برآمد
راولپنڈی (ای پی آئی) سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران چار تھانوں کی حدود میں چھ پولیس مقابلے کیے، جن میں دو خطرناک ملزمان ہلاک جبکہ چار مطلوب ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مسروقہ موٹر سائیکل، ساڑھے چار کلو گرام سے زائد منشیات، چار لاکھ روپے مسروقہ رقم اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق کلرسیداں کے علاقے میں پولیس پر فائرنگ کرنے والا ملزم افتخار مقابلے کے دوران ہلاک ہوگیا۔ ملزم ضرر اور منشیات کے مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ تھا۔
صدر بیرونی کے علاقے میں پولیس سے مزاحمت کرنے والا خطرناک ملزم اظہر ہلاک ہوگیا، جبکہ عیسیٰ خان اور اسامہ کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان ڈکیتی، گاڑیوں کی چوری، اسلحہ اور منشیات کے متعدد مقدمات میں ملوث اور مطلوب ہیں۔
دھمیال کے علاقے میں پولیس سے مزاحمت کرنے والا ملزم عبد الواجد زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
اسی طرح سول لائنز کے علاقے میں پولیس سے مزاحمت کرنے والا ملزم سعید وزیر زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم اسٹریٹ کرائم، چوری اور نقب زنی کے متعدد مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے انہیں چالان عدالت کیا جائے گا اور قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔


