تجارت، سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کا فیصلہ
(ای پی آئی ) پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں مئی 2027 میں شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم پروازوں کا آغاز ضروری انتظامات کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔ اس حوالے سے فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور مالدیپ کے وزیر سیاحت و شہری ہوابازی محمد سعید کے درمیان ملاقات میں فضائی و بحری روابط، تجارت، سیاحت، سرمایہ کاری اور صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔*
ملاقات فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے موقع پر ہوئی، جہاں دونوں وزراء نے چوتھے گلوبل کوزین شو کا بھی دورہ کیا۔ گلوبل کوزین شو کراچی ایکسپو سینٹر میں فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے ساتھ جاری ہے، جس میں دنیا بھر کے روایتی کھانوں اور متنوع ذائقوں کی نمائش کی جا رہی ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہِ راست پروازیں شروع کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ فضائی اور بحری روابط میں بہتری سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہتر رابطے کاروباری سرگرمیوں میں اضافے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
جام کمال خان نے مالدیپ میں پاکستانی غذائی مصنوعات، ادویات، ٹیکسٹائل اور تعمیراتی سامان کی برآمد کے وسیع مواقع کی نشاندہی کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کو مالدیپ کی مارکیٹ تک رسائی دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ملاقات میں مالدیپ کی جانب سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو حلال سیاحت اور شریعت سے ہم آہنگ ریزورٹس کے شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی زیرِ بحث آئی۔ دونوں جانب سے طبی سیاحت اور صحت کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفاقی وزیر تجارت نے مالدیپ کے ہوٹلوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستانی ہنرمندوں کی تربیت کی تجویز پیش کی، تاکہ پاکستانی افرادی قوت کو مالدیپ کی سیاحت اور مہمان نوازی کی صنعت میں روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔
اس موقع پر پاکستان، مالدیپ اور مشرقی افریقہ کے درمیان بحری تجارتی روابط بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے علاقائی رابطوں اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے فوڈ ایگ پاکستان 2026 کے تیسرے روز نمائش کے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور غیرملکی وفود سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے اسٹال پر صوبے کی مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیا۔
جام کمال خان نے ٹریڈ افسران کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے مواقع اور درپیش رکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور پاکستانی کاروباری اداروں کو عالمی خریداروں سے منسلک کرنے کے لیے فعال کردار ادا کریں۔


