اسکائی لفٹ گاڑی نے فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک تقریباً 12 منٹ میں سفر مکمل کیا، وزیر داخلہ نے فائر فائٹنگ گاڑیوں کی فوری روانگی اور رسپانس ٹائم مزید کم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (ای پی آئی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سی ڈی اے کے فائر بریگیڈ اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فائر فائٹنگ گاڑیوں کا معائنہ کیا اور ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کا جائزہ لیا۔*

وفاقی وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ اسٹیشن میں موجود گاڑیوں کا معائنہ کیا اور کال سینٹر کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کال سینٹر میں عملے کی موجودگی اور ڈیوٹی پر تعیناتی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو شاباش دی۔

اس موقع پر محسن نقوی ڈرائیور کے ساتھ اسکائی لفٹ گاڑی میں بیٹھے اور فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک گاڑی کے رسپانس ٹائم کو چیک کیا۔ اسکائی لفٹ گاڑی نے فائر بریگیڈ اسٹیشن سے ایف 11 تک کا فاصلہ تقریباً 12 منٹ میں طے کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ فائر بریگیڈ اسٹیشن سے فائر فائٹنگ کے لیے گاڑی فوری طور پر روانہ ہونی چاہیے اور ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم مزید کم کیا جائے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تیز تر اور فوری رسپانس سے بڑے نقصان سے بچا جاسکتا ہے۔ انہوں نے فائر بریگیڈ کی کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں کو ہنگامی حالات میں بروقت امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔