اسلام آباد(ای پی آئی)میری پرفارمنس اچھی نہیں کیویزکیخلاف سرفراز کو کھلائیں محمد رضوان نے نئی مثال قائم کردی۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو خصوصی انٹرویو میں نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیسٹ کم بیک کرنے والے سرفراز احمد کی کارکردگی پر خوش ہونے کے سوال پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ اس کا جواب میں نہ دوں تو بہتر ہوگا،میرے منہ سے یہ بات سنیں تو عجیب لگے گا، یہی بات آپ ہیڈ کوچ یا کپتان سے پوچھیں کہ میں نے ان سے کیا کہا تھا، انگلینڈ کی سیریز ختم ہوئی تو نیوزی لینڈ سے میچز کیلیے مینجمنٹ سے کیا بات کی تھی،خوشی اس لیے ہوئی کہ میں چاہتا تھا کہ سرفراز پرفارم کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیریز سے پہلے ہی ساتھی کرکٹرز سے مشورہ کر رہے تھے کہ مجھ سے پرفارم نہیں ہورہا، میرا حق نہیں بنتا کہ ٹیسٹ میچ کھیلوں، جس پر جواب ملا کہ اس طرح کا وقت تو ہر کسی کے کیریئر میں آتا ہے،پرفارمنس ایسی نہیں کہ آپ نہ کھیلو،میں نے کہا کہ میرا حق نہیں بن رہا اور سیفی بھائی ایک عرصے سے محنت اور پرفارم کررہے ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ان کو موقع دینا چاہیے، مجھے آرام کا نہ کہیں کیونکہ میری پرفارمنس نہیں ہے،خوشی ہوئی کہ انھوں نے کارکردگی دکھائی، اگر میں کسی کا بیٹا ہوں تو وہ بھی کسی کا بیٹا اور بھائی ہے،پاکستان کیلیے جو بہتر پرفارم کرے وہی اچھا ہے۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے ایک نظام بنایا ہے تو میرا خفا ہونے کا حق نہیں بنتا،سرفراز نے میچ میں شکست سے بھی بچایا، شاید اسی لیے اللہ نے یہ بات میرے دل میں ڈالی تھی۔اپنے اسٹرائیک ریٹ کی وجہ سے ہونے والی تنقید اور بیٹنگ میں گیئر تبدیل ہونے کے سوال پر محمد رضوان نے کہا کہ پہلے جو تنقید کرتے تھے۔

ان کیلیے بھی جزائے خیر اور جو کہتے ہیں بہتری آگئی ان کیلیے بھی جزائے خیر،میرے لیے اہم یہ ہے کہ کپتان یا کوچ مجھ سے کیا چاہتا ہے، بنگلہ دیش لیگ کی فرنچائز کے کوچ نے کہا کہ پہلے 2 اوورز میں وکٹ نہیں گنوانی چاہے 2رنز بنیں یا 3، میرے لیے یہ بات اہم ہے،کپتان کہتا ہے کہ رضوان آپ کو آخر تک اننگز کو لے کر جانا ہے، ہمارے لیے تو بہتر ہے کہ 2یا 3اننگز جارحانہ کھیل لیں اور اتنا کافی ہو مگر ہمیں ٹیم کی ضرورت دیکھنا ہوتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں تنقید کرنے والوں سے ناراض نہیں ہوتا کیونکہ وہ ہماری بہتری کیلیے بات کررہے ہوتے ہیں، مینجمنٹ کی بات اور کنڈیشنز پر توجہ دینا ضروری ہے، 200والی پچ ہوتو اتنا اسکور بنابھی چکے ہیں۔ ابھی تک 4 ڈبل سنچری شراکتیں بنا چکا ہوں۔