ممبئی(ای پی آئی)بالی ووڈ فلموں میں ویلن کا کردار نبھانے والے مشہور اداکار پراکاش راج نے کہا ہے کہ دی کشمیر فائلز ایک احمقانہ فلم ہے،بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک تقریب میں میڈیا سے دوران گفتگو پراکاش راج نے کشمیر فائلز کے ہدایتکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ دی کشمیر فائلز شرم سے عاری فلم ہے۔

انٹرنیشنل جیوری نے اس فلم پر تھوکا بھی نہیں ہے لیکن اس کے بنانے والوں کو ابھی تک شرم نہیں آئی۔ فلم کا ہدایتکار چیخ رہا ہے کہ مجھے آسکر ایوارڈ کیوں نہیں مل رہا؟پراکاش راج نے دی کشمیر فائلز پرکڑی تنقید کرتے ہوئے سخت لفظوں کا استعمال کیا ان کا کہنا تھا کہ دی کشمیر فائلز ان احمقانہ فلموں میں سے ایک ہے لیکن ہمیں معلوم ہے کہ اسے کس نے پروڈیوس کیا ہے اس فلم کا پروڈیوسر بے شرم ہے۔

پراکاش راج نے بتایا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ صرف ایسی فلمیں بنانے کے لیے دو ہزار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں ان کا کہنا تھا کہ میڈیا بہت حساس ہے آپ یہاں پروپیگنڈا فلمیں بنا سکتے ہیں۔ لیکن یہ لوگ چاہے کچھ بھی کر لیں ہر وقت لوگوں کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔پراکاش راج کے اس بیان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس پر انتہا پسند ہندوں کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آرہا ہے۔