کراچی(ای پی آئی)انٹربینک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز روپے کی قدر میں اضافے کا رجحان جاری ہے، ڈالر مزید 5 روپے 33 پیسے سستا ہو کر 268 روپے کی سطح پر آگیا۔

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر میں 5 روپے 33 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد ڈالر 268 روپے کا ہوگیا ہے، جو گزشتہ روز 273 روپے 33 پیسے پر بند ہوا تھا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 8 فروری کو ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 1.08 فیصد یا 2 روپے 95 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔

ٹریس مارک کی سربراہ برائے اسٹریٹجی کومل منصور نے بتایا کہ وزارت خزانہ اور عالمی مالیاتی ادارے(آئی ایم ایف)کے درمیان اصلاحات پر وسیع سطح پر اتفاق ہوتا نظر آتا ہے ۔ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ جب ہم آئی ایم ایف پروگرام میں چلے جائیں گے تو ڈالر 260 روپے یا اس سے نیچے کی سطح تک آسکتا ہے۔