اسلام آباد (ای پی آئی)اپنے مفادات کی خاطر ایک ہی خاندان کے تین افراد کو موت کے گھاٹ اتار دینا،بے حسی کی انتہا ہے، حکومت کو چاہیے کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کے بعد متاثرہ خاندان کو انصاف دلائے۔

یہ بیان حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے اپنے مشترکہ بیان میں بلوچستان کے علاقے کہولو سے تعلق رکھنے والے خان محمد مری کے بیوی اور جوان بیٹوں کے ظالمانہ قتل پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی جمہوری مملکت ہے،لیکن مسلمان ہوتے ہوئے ہمارے حکمران انسانیت کے درجے سے بھی گر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اس واقعے سے سبق حاصل کریں اور آئندہ امانت دار اور دیانت دار قیادت کا انتخاب کریں تاکہ ملک میں امن کا راج ہو۔ ثمینہ احسان نے کہا کہ ایسے سیاسی لیڈران جو جانوں کا تحفظ نہیں دے سکتے ان سب کو عہدوں سے برطرف کردینا چاہیے تاکہ آئندہ عوام کے حقوق کے نعرے لگانے والے سیاسی لیڈر اپنی خدمات پیش کرنے سے پہلے سوچیں کہ عوام کے جان ومال کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے۔

نصرت ناہید نے کہا کہ حکمران طبقے کی مفاد پرستی کی وجہ سے ملک معاشی عدم استحکام کے ساتھ ساتھ بد امنی کی دلدل میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی حکومت سے پر زور اپیل کی کہ مظلوم کی داد رسی کی جائے اور مجرموں کو عبرت ناک سزائیں دی جائیں#