کراچی(ای پی آئی)پاکستان کے سابق کرکٹراورسابق چئیرمین پی سی بی رمیز راجا نے کہا ہے کہ شعیب اختر اپنے ہی کرکٹرز کا مذاق اڑا کر ملکی کرکٹ کو نقصان پہنچارہے ہیں،شعیب اختر کے اپنی ہی ٹیم کے خلاف حالیہ متنازع بیانات پر سابق کرکٹر رمیز راجا نے شعیب اختر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

ایک ٹی وی پروگرام میں رمیز راجا نے کہا کہ شعیب اختر کو سابق اور موجودہ کھلاڑیوں کے بارے میں غیرضروری بیانات سے اجتناب برتنا چاہیے، وہ ایک خیالی سپر اسٹار ہیں، ان کا کامران اکمل کے ساتھ بھی مسئلہ رہا ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ہرکوئی برانڈ بن جائے لیکن پہلے انسان بننا سب سے اہم ہے،

ہمارے سابق کرکٹرز ایسے بے معنی بیانات سے پاکستان کرکٹ کی بدنامی کا باعث بنتے ہیں، میں نے کبھی یہ چیز اپنے بھارت میں نہیں دیکھی، کبھی آپ نے دیکھا کہ سنیل گاوسکر نے راہول ڈریوڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہو، یہ صرف یہیں ہوتا ہے جہاں پر سابق پلیئرز دوسروں کو اپنا کام پروفیشنل انداز میں نہیں کرنے دیتے۔

جب رمیز سے شعیب اختر کی بورڈ کا چیئرمین بننے کے خواہش پر استفسار کیا گیا تو انھوں نے جواب دیا کہ پہلے انھیں گریجویشن مکمل کرنا چاہیے، بورڈ کا سربراہ بننے کا اہل ہونے کیلیے شعیب اختر کو پہلے بی اے کی ڈگری حاصل کرنا ہوگی۔