اسلام آباد(ای پی آئی)اداکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ وہ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی اپنی فلم منی بیک گارنٹی میں مزیدار کردار میں نظر آئیں گی۔

فلم کے ٹریلر لانچ پر اپنے کردار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ یہ ایک ایسی خاتون کا کردار ہے جس کے دل پر سب حکومت کرنا چاہتے ہیں۔فلم کرنے کی حامی بھرنے سے متعلق سوال پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہدایتکار فیصل قریشی نے مجھے بڑے ہوتے ہوئے دیکھا ہے، 15 سال کی تھی جب سے فیصل کو جانتی ہوں، وہ کالج میں میرے سینئر رہے ہیں، سکول میں تھی تو ایکٹنگ کرنے کا پہلا تجربہ فیصل قریشی کے ساتھ ہوا تھا۔

عائشہ عمر کا کہنا تھا جب فیصل قریشی نے بتایا کہ وہ فلم بنا رہے ہیں تو میں نے بنا کہانی سنے ہی فلم کرنے کی حامی بھر لی جس پر خود فیصل بھی حیران رہ گئے۔اداکارہ کا کہنا تھا انہوں نے فیصل قریشی کا کالج سے لے کر اب تک تمام کام دیکھا ہے اس لیے کام کے معاملے میں ان پر بھروسہ کرنا آسان ہو گیا ہے جبکہ فلم کی کاسٹ تمام بہترین اداکاروں پر مشتمل ہونے کی وجہ سے یہ ایک یادگار تجربہ رہا ہے۔