اسلام آباد(ای پی آئی)شعیب ملک نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں کم بیک ہو گا یا نہیں میں اب یہ باتیں نہیں سوچتا، ٹیم میں واپسی کیلیے بابر اعظم سے کوئی توقعات وابستہ نہیں کرتا۔
کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں شعیب ملک نے کہا کہ قومی ٹیم میں کم بیک ہو گا یا نہیں میں اب یہ باتیں نہیں سوچتا، کرکٹ میں جہاں جو بھی موقع ملے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کھیل سے لطف اندوز ہوتا ہوں، مجھے فیلڈ میں کسی بھی پوزیشن پر بھاگنے میں کوئی مشکل نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ کپتان اور ٹیم کمبی نیشن کے حوالے سے کوئی رہنمائی چاہیے تب بھی حاضر ہوتا ہوں، ابھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں نہیں سوچتا، جب کھیل سے لطف اندوز نہ ہوا تو ہر طرز کی کرکٹ چھوڑ دوں گا۔
بابر اعظم کی جانب سے ضرورت پڑنے پر ٹیم میں کال کرنے کے سوال پر آل رانڈر نے کہا کہ بابر میرے چھوٹے بھائیوں کی طرح ہیں، اگر کسی کو کپتان جیسی ذمہ داری ملے تو اس کیلیے دوستی یا کسی اور چیز کا بوجھ نہیں بننا چاہیے، میں کبھی ایسا ماحول پیدا نہیں کروں گا جس سے انھیں پریشانی ہو، پی ایس ایل میں تو میری روز بابر سے بات ہوجاتی ہے، مجھے ان سے کوئی توقعات نہیں، یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ہوا تو انھوں نے کہا تھا کہ جب ضرورت ہوئی کھلائیں گے، جب خدا حافظ کہنا ہوا تب بھی بتائوں گا،ورلڈکپ سے قبل ہی انھوں نے بتا دیا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کررہے۔


