اسلام آباد(ای پی آئی) پولیس نے نامعلوم شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کرنے کی غلطی تسلیم کر لی.پولیس نے تھانہ آبپارہ میں خاتون کے خلاف درج مقدمہ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کو ڈسچارج رپورٹ دے دی۔جسٹس طارق محمود جہانگیری نے خاتون کی درخواست پر سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے انکوائری رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی گئی۔رپورٹ کے مطابق گمنام شہری کی درخواست پر درج مقدمہ واپس لے لیا ، گمنام شکایت پر فوجداری کارروائی شروع نہیں کی جاسکتی ، خاتون کیخلاف ایف آئی آر بھی درج نہیں کی جاسکتی تھی۔پولیس کے رویے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی لالہ موسی یا وزیر آباد کا گاں نہیں جو آپ نے یہ کام شروع کر رکھا ہے ، پٹشنر کوئی مقدمہ درج کرانا چاہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کر سکتی ہے۔عدالت نے مقدمہ اخراج رپورٹ کے بعد درخواست نمٹا دی۔ایف آئی آر کے مطابق 8 نومبر کو ویمن پولیس اسٹیشن میں درخواست موصول ہوئی ، خاتون شراب کے نشے میں دھت سپر مارکیٹ ریسٹورنٹ گئی ، خاتون نے ریسٹورنٹ میں بیٹھے لوگوں کو دھمکیاں لگانی شروع کر دیں۔پٹشںر خاتون نے درخواست میں کہا تھا کہ مجھ پر درج ایف آئی آر میں نہ مدعی کا نام نہ پتہ نہ ہی موبائل نمبر درج ہے، درخواست کے آخر میں صرف یہ لکھا ہے ایک پاکستان کا شریف شہری ہوں۔