لاہور(ای پی آئی)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے انتخاب کو روکنے کا اپنا حکم امتناع واپس لے لیا۔
چیرمین پی سی بی کے انتخابات کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس انوار حسین نے درخواستوں پر سماعت کی، پی سی بی کی جانب سے امتیاز رشید صدیقی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کے خلاف حکم امتناعی واپس لے لیا، عدالت نے اپنے نوٹ میں کہا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں دوسرے بینچ میں فکس ہیں، ان درخواستوں کو بھی متعلقہ بینچ کے سامنے فکس کیا جائے۔
عدالت نے درخواستوں پر مزید کارروائی کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور ہائی کورٹ کے دو الگ بینچوں نے دو ایک جیسی درخواستوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کے انتخاب کو روکتے ہوئے وفاقی حکومت اور دیگر جواب دہندگان سے جواب طلب کر لیا تھا جب کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس معاملے پر وزارت بین الصوبائی رابطہ سے رپورٹ طلب کر لی تھی، اس کے علاوہ بلوچستان ہائی کورٹ نے بھی چیئرمین پی سی بی کے انتخابات 17 جولائی تک روکنے کا حکم دیا تھا۔


