اسلام آباد (ای پی آئی) پاکستانی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میرا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے شوبز میں قدم میں رکھا تھا، ’9 سال کی عمر میں جب میرا پہلا اشتہار نشر ہوا تو اس میں سے مجھے نکال دیا تھا۔‘

اداکارہ میرا نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کرئیر میں ہونے والے تنازعات اور دیگر سے متعلق بات کی۔

میرا نے کہا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے ہی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ’میں نے 9 سال کی عمر میں پہلا اشتہار کیا تھا، اصل میں یہ بچوں کا اشتہار تھا جس کے لیے میری تصاویر لی گئیں، لیکن جب شوٹنگ مکمل ہوئی اور اشتہار نشر ہوا تو میں کہیں نظر نہیں آرہی تھی‘۔

اداکارہ نے کہا کہ ’اشتہار سے نکالنے کی وجہ یہ تھی کہ چہرے کے خدوخال کی وجہ سے کیمرہ کے سامنے 9 سال کی عمر میں 20 سال کی نظرآرہی تھی، بعدازاں اشتہار میں میرا کردار کسی اور کو دے دیا تھا۔‘

کرئیر کے دوران تنازعات پر بات کرتےہوئے میرا نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’میں ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے میڈیا کی زینت بنی رہتی ہوں، اب لگتا ہے کہ مجھے کوئی ایکشن فلم کرنی چاہیے۔‘انہوں نے کہا کہ ’میرے حوالے سے میڈیا پر بہت سی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، شاید یہ ’میرا‘ ہونے کی سزا ہے۔‘

بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ ’بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی فلم ’شہرت‘ پر کام کرنے والے تھے لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی وجہ سے کام رُک گیا تھا، اس فلم کو شگفتہ رفیق نے تحریر کیا تھا۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’یہ میری زندگی کی بہترین فلم بننے جارہی تھی، لیکن دونوں ممالک کے سیاسی تنازعات کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔ ’

انہوں نے بھارتی اداکارہ ریکھا اور مادھوری ڈکشت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ان کی بہترین اداکاروں میں شمار ہیں اور انہیں بے حد پسند کرتی ہیں۔ ریکھا جی نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، وہ میرے لیے مثالی شخصیت ہیں، ریکھا جی اور مادھوری ڈکشت بہترین اداکارائیں ہیں، ریکھا کی فلمیں، گانے سمیت ان کی ہر چیز مجھے بے حد پسند ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے مادھوری ڈکشت کا رقص بے حد پسند ہے، میں مادھوری جیسی ڈانسر بننا چاہتی ہوں، جس طرح وہ رقص کرتی ہیں میں بھی ویسا ہی کرنا چاہتی ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے 8 سال قبل بولی ووڈ کی اپنی پہلی ’نظر‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستان سمیت بھارت میں پزیرائی حاصل کی، اس دوران وہ کئی تنازعات کا شکار بھی رہیں۔