اسلام آباد (ای پی آئی ) کینیڈرا میں سکھ علیحدگی پسند رہنما کے قتل کے بعد وزیراعظم کینیڈا کی جانب سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد پیش کیے جانے پر بوکھلاہٹ کی شکار مودی سرکار پاکستان اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کے مذموم پروپیگنڈے میں شب و روز مصروف ہے۔

جبکہ بھارتی میڈیا جو کہ اپنی نفرت آمیز پروگرام، جھوٹے الزامات اور اشتعال انگیزی کے باعث پوری دنیا میں شہرت رکھتا ہے۔ پاکستان اور حساس اداروں پر الزام تراشی بھارت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

بھارتی میڈیا نے کینیڈا حکومت کے ٹھوس شواہد کا جواب دینے کے بجائے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے اپنے ہی تمام ریکارڈز توڑ دیے۔ مودی سرکار نے بھارت کو تو یرغمال بنا ہی رکھا ہے، رہی سہی کسر بھارتی میڈیا نکال دیتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا حکومتی سطح پر کسی بھی دہشت گردی کے واقعے کا الزام منٹوں میں بغیر کسی ثبوت، تحقیق یا تصدیق کے پاکستان پرڈال دیتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی دہشتگردی پربھارتی میڈیا پاکستان کو فوری موردِالزام ٹھہراتا رہا ہے۔

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی کہ اپنی ہی کی ہوئی دہشتگردانہ کارروائیوں کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کے سر تھوپ دو۔بھارتی میڈیا نے کبھی غباروں کو خطرے کی علامت بتایا توکبھی کبوتروں کو جاسوس ٹھہرایا۔

اس بار بوکھلاہٹ کے شکار بھارتی میڈیا نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا الزام بغیر کسی ثبوت کے پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی پر لگا دیا۔

ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کی عالمی تصدیق کے بعد بھارت کا پاکستانی ایجنسی پر الزام لگانا مضحکہ خیز ہے۔

بھارت کی انسانیت سوز پالیسیوں، ہمسایوں کے خلاف جعلی نیٹ ورک کا ڈھٹائی سے استعمال، خطے نہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی بد ترین خطرہ ہے۔ بھارت کی مودی سرکار کے ہاتھوں دنیا بھرمیں رسوائی ہو رہی ہے۔