مستونگ (ای پی آئی ) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جشن میلاد النبیؐ کے جلوس سے قبل مسجد کے قریب دھماکے میں12 افراد جاں بحق،جبکہ درجنوں افراد زخمی متعدد کی حالت تشویشناک ۔

اسسٹنٹ کمشنر مستونگ کے مطابق دھماکا مدینہ مسجد کے قریب ہوا، جہاں لوگ عیدمیلاد النبیؐ کے جلوس میں شرکت کرنے کے لیے جمع ہورہے تھے۔

دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ پولیس بھی شامل ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق مدینہ مسجد سے جمع ہونے کے بعد لوگوں نے جلوس میں شرکت کرنا تھا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں جہاں سے زخمیوں کو نواب غوث بخش اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق مستونگ کے اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے بعد مستونگ کے علاوہ کوئٹہ کے سول اسپتال میں بھی ا یمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق تمام ڈاکٹرز ، فارماسسٹ ، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف ایمرجنسی ڈیوٹی پر طلب کرلیے گئے ہیں۔