اسلام آباد (ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کے خلاف سپریم کورٹ کے پارکنگ ایریا میں پولیس اہلکار پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد درخواست پرمقدمہ درج کر لیا گیا ،
تفصیل کے مطابق وفاقی دارالحکومت کے تھانہ سیکرٹریٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایف آئی آر میں درج کیا گیا ہے کہ شیر افضل مروت نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، مدعی جاوید ہمایوں نے پولیس کو بیان دیا کہ شیر افضل مروت نے موت کے گھاٹ اتارنے کیلئے اپنی گاڑی مجھ پر چڑھانے کی کوشش کی۔ ملزم نے سپریم کورٹ کی پارکنگ میں مارا پیٹا۔
مدعی کے بیان پر شیر افضل مروت کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، جاوید ہمایوں کو اسلام آباد پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل بتایا گیا ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ کے احاطے میں شیر افضل مروت کے ساتھ لڑائی جھگڑے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔


