راولپنڈی(ای پی آئی ) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر متحرک ہو گئے

انھوں نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں ساری قوم کا، اپنی ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کا مشکور ہوں جن کی دعاؤں سے کم و بیش 40روزہ چلے کے بعد مجھے رہائی نصیب ہوئی، مجھے نہیں معلوم کہ میں نے یہ چلہ کس جگہ پر کاٹا ہے لیکن مجھے چلے کے دوران کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی۔

انھوں نے کہا کہ میری زندگی کا مشن ان تمام لوگوں کو جو روپوش ہیں یا چھپے ہوئے یا جن سے 9مئی کی غلطی سرزد ہو گئی ہے یا جو بے گناہ جیلوں میں ہیں ان کو عام معافی دلانا ہے ،ساری قوم اس پرامن مشن میں میرے ٹوئٹر پر میرا ساتھ دے،

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں نے کبھی اپنے ٹوئٹر کی اپیل نہیں کی لیکن آج میں پہلی مرتبہ اپیل کر رہا ہوں کہ 9مئی کی غلطی جن لوگوں سے سرزد ہوئی ہے ان کو عام معافی کی اپیل کے مشن پر میرا ساتھ دیں۔

ان کا کہناتھا کہ کل سے میں اس مشن کیلئے اپنی شروعات کا آغاز کر رہا ہوں، قوم کی دعاؤں کی ضرورت ہے، انشااللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی اور اللہ ہمیں ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کی دعاؤں کے صدقے اس مشن میں ضرور سرخرو کرے گا۔