لاہور(ای پی آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جعلی طریقے سے چھڑی کے زور پر الیکشن کو روکا جا رہا ہے، حکمران پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔

ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں ایم کیوایم کے تمام دھڑوں کو اکٹھا کیا جارہا ہے، ماضی میں کراچی آپریشن میں حصہ لینے والے تمام اہل کاروں کو شہید کیا گیا، ایم کیو ایم کو دوبارہ اکٹھا کرنا شہیدوں کے لہو سے غداری ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کراچی میں قبضوں اورجرائم کے کیسوں میں ملوث رہے ہیں۔سابق وزیر کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں وزیراعلی کے پی اور بلوچستان کو نہیں بلایا گیا ، اس سے حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ لگالیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری نے لکھا کہ حکمران پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے ہیں۔

ان 8ماہ میں ملکی معیشت کی تباہی کے بعد امپورٹڈ حکومت اپنی احمقانہ پالیسی سے دہشت گردی بھی مسلط کر رہی ہے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکمران پاکستان کیلئے خطرہ بن گئے ہیں، تحریک انصاف کا ملکی معیشت پر وائٹ پیپرجاری کیا جائے گا۔