اسلام آباد(ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریفوں کی انتخابات میں دھاندلی کرنا بھول ہے،کوئی انتخابات میں دھاندلی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

انھوں نے کہا کہ یہ جو آگئے ہیں نیلسن منڈیلا اپنے بھائی سے مہنگائی کا حساب لیں،مہنگائی میں اتنا اضافہ ہوا کہ لوگ خودکشی پر مجبور ہو گئے ہیں،لوگوں نے نیلسن منڈیلا کے آنے پر خودکشیاں کی ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ جو یہ سارا کچھ کررہے ہیں ان کو الیکشن میں پتہ چل جائے گا، ان کاکہناتھا کہ سپریم کورٹ کا انتخابات کیس سے متعلق بنچ بننا ملک کیلئے بہتر ہے،سپریم کورٹ کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ آ جائے گی۔

پرویز الٰہی نے کہاکہ شریفوں کی انتخابات میں دھاندلی کرنا بھول ہے،کوئی انتخابات میں دھاندلی کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا،چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاسی شہرت میں اضافہ ہوا ہے،شریف برادران کو کوئی نہیں سنے گا، ان کی دکان بند ہو چکی ہے۔