لاہور(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کی خاتون رہنما خدیجہ شاہ کو مقدمے میں نامزد کرنے پر ہائیکورٹ نے سی سی پی او لاہور کو عدالت طلب کرلیا ۔

تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی رہنما خدیجہ شاہ کی جانب سے پولیس افسران کے خلاف تو ہین عدالت کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس کے مطابق عدالت نے سی سی پی او لاہور کو 27 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

عدالت کے تحریری حکم کے مطابق سی سی پی او لاہور نے سرکاری وکیل کے ذریعے جواب جمع کروایا ۔ سی سی پی او کا جواب عدالت کو مطمئن نہیں کر سکا، لہٰذا سی سی پی او لاہور خود پیش ہوکر وضاحت دیں۔

خدیجہ شاہ کی درخواست پر ہونے والی سماعت کا تحریری حکم نامہ جسٹس علی باقر نجفی نے جاری کیا۔واضح رہے کہ خدیجہ شاہ نے تیسرے مقدمے میں نامزد کیے جانے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔