اسلام آباد (ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک میں اس وقت جو ہو رہا ہے وہ لندن معاہدے کے تحت ہو رہا ہے جس کا عدالتیں بھی ساتھ دے رہی ہیں، عوام عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہ رکھے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں کوئی عدالت نہیں جو عمران خان کو انصاف دے سکے۔ ہم اپنے بھائی کے ساتھ کھڑے ہیں، اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ ہم بھی جا کر جیل میں بیٹھ جائیں یہاں تو ہمارا کام ختم ہو گیا۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان ہی تحریک انصاف کے لیڈر ہیں چاہے وہ جیل میں ہی کیوں نہ ہوں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 24 اکتوبر کو جو ہمیں جیل میں کہا وہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ لندن کا پلان نہیں بلکہ لندن میں معاہدہ ہوا تھا۔ اس معاہدے کا ایک حصہ یہ ہے کہ عمران خان کو الیکشن میں جیل سے باہر نہیں آنے دینا۔
انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نےانکشاف کیا کہ معاہدے کے تحت شاید الیکشن کے بعد بھی مجھے باہر نہ آنے دیا جائے۔ میرا خیال ہے ہمیں عدالتوں سے کوئی امید نہیں رکھنی چاہئے، وکلا اپنی کوششیں جاری رکھیں گے لیکن عوام کو عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہیں رکھنی چاہئے۔


