اسلام آباد (ای پی آئی ) سابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو کلین چٹ مل گئی چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل میں جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے خلاف ریفرنس خارج کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین نیب کے خلاف ریفرنسز کو ناقابل سماعت ہونے پر خارج کیا گیا، ریفرنس دائر کیے جانے کے وقت سپریم جوڈیشل کونسل انکوائری کا فورم نہیں تھا۔

نیب قوانین میں ترامیم کے بعد 2022ء سے چیئرمین نیب کےخلاف شکایات کا فورم سپریم جوڈیشل کونسل ہے، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کےخلاف شکایتی ریفرنسز 2019ء میں دائر کیے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب قوانین میں ترامیم کےبعد اب چیئرمین نیب کےخلاف شکایات کا جائزہ سپریم جوڈیشل کونسل لے سکتی ہے۔