اسلام آباد(ای پی آئی )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہر ہفتے بیٹوں سے بات کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا۔

سابق وزیراعظم نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں اپنے وکیل شیراز احمد رانجھا ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت نے21 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دیا، جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے واٹس ایپ پر چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرائی۔

نئی درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ہر ہفتہ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی کی واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کا حکم دے۔ حقیقی بیٹوں سلمان اور قاسم سے بات کرنا حق ہے۔

واضح رہے کہ عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی عدم دستیابی کے باعث نئی درخواست پرتاحال کوئی کارروائی نہیں ہوسکی۔