لاہور(ای پی آئی ) وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

ان کارروائیوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ محکمہ واپڈا میں موجود ان ملازمین اور افسران کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جو بجلی چوروں کی سرپرستی میں ملوث ہیں اس حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق انسداد بجلی چوری مہم کے دوران آپریشن میں 26 بلین سے زائد جرمانہ وصول کیا گیا ہے جب کہ 53 ملازمین معطل کئے گئے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد گرفتار کئے گئے ہیں۔

ماہ اکتوبر کے اعداد وشمار کے مطابق لیسکو نے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن کے دوران 4497ملین وصول اور 4026 مجرمان گرفتار کیے۔

گیپکو نے251 ملین پاکستانی روپے وصول اور 1001 مجرمان گرفتار کیے۔

فیسکو نے آپریشن کے دوران 377 ملین روپے وصولی کا تخمینہ لگایا اور 1258 افراد گرفتار کیے۔

آئیسکو نے کریک ڈاؤن کے دوران 139 افراد کو گرفتار کیا جبکہ 220 ملین روپے وصول کیے۔

میپکو نے بجلی چوروں سے 981 ملین جبکہ پیسکو نے 3747 ملین روپے جرمانہ وصول کیا۔ ہیسکو نے 3083 ملین، سیپکو نے 2007 ملین اور قیسکو نے 593 ملین روپے جرمانہ وصول کیا۔

آپریشن کے دوران میپکو نے 1905، پیسکو نے 1215، ہیسکو نے 48، سیپکو نے 98اور قیسکو نے 32مجرمان گرفتار کیے۔