لاہور (ای پی آئی )پنجاب میں ڈینگی کنٹرول کرنے کی ادویات کی خریداری کے ٹینڈر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف درخواست پر لاہور کی عدالت میں سماعت عدالت نے حکومتی وکیل کی استدعا پر سماعت ملتوی کر دی۔

تفصیل کے مطابق ادویات کے ٹینڈرز میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف دائر درخواست پر لاہور کی عدالت میں جسٹس سلطان تنویر احمد نے نجی کمپنی کی درخواست پر سماعت کی۔

دورانِ سماعت نجی کمپنی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ محکمۂ صحت نے ڈینگی کنٹرول کرنے کے لیے ادویات کا ٹینڈر جاری کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 96 کروڑ روپے کا ٹینڈر صرف 16 کروڑ روپے میں مل سکتا ہے، جس سے حکومتی خزانے کے 80 کروڑ روپے بچ سکتے ہیں۔ نجی کمپنی کے وکیل نے کہا کہ دو تین کمپنیوں کی مبینہ جعل سازی کے باعث حکومتی خزانے کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت محکمۂ صحت کے ٹینڈر کو معطل کرنے کا حکم دے اور صاف شفاف میرٹ پر ٹینڈر کی بولی کا حکم دے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا کر دی۔عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔