اسلام آباد (ای پی آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے نجی ٹی وی پر گفتگو کے دوران پیپلزپارٹی کی جانب سے لیول پلینگ فیلڈ کے مطالبہ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ
جنوبی پنجاب سے جو الیکٹیبلز یا دیگر سیاسی رہنما آئی پی پی میں شامل ہوئے اور کے پی کے میں پرویز خٹک کی جماعت میں پی ٹی آئی کو چھوڑنے والے شامل ہوئے وہی اگر پاکستان پیپلزپارٹی میں جاتے تو پیپلزپارٹی کبھی بھی لیول پلینگ فیلڈ کا مطالبہ نہیں کرتی سیاسی پوزیشن کے حوالہ سے پیپلزپارٹی کو جو امیدیں وابستہ تھیں وہ بھی پوری نہیں ہوسکی ہیں
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب اور کے پی کے سے بڑے نام کوئی بھی پیپلزپارٹی میں شامل نہیں ہوا 15سال سے سندھ میں پیپلزپارٹی اقتدار میں ہے اور انہوں نے اپنی سیٹوں میں اضافہ ہی کیا ہے آئندہ الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی سندھ سے سیٹیں نکال کر آئے گی
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ ممکنہ عام انتخابات میں وہ آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں گفتگو کے دوران مصطفی نواز کھوکھر نے مزید بتایا کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی آئندہ انتخابات میں الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے اگر انہوں نے الیکشن میں حصہ لیا تو وہ بھی آزاد حیثیت میں میدان میں اتریں گے اور مسلم لیگ(ن) کا ٹکٹ نہیں لیں گے
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں بیانیوں پر سیاست کی جارہی ہے الیکشنز میں تمام جماعتوں کو برابر آزادی حاصل ہونی چاہئیے اور اس ملک کے عوام کو حق حاصل ہونا چاہئیے کہ وہ جس کو چاہیں ووٹ دے کر اپنی مرضی سے منتخب کریں


