ڈی آئی خان (ای پی آئی ) ڈی آئی خان میں ٹانک اڈے پر ایلیٹ فورس کی گاڑی کے قریب دھماکے سے 5 افراد جاں بحق جبکہ 21 سے زائد زخمی ہو گئے ،نامعلوم افراد کی جانب سے نشانہ بننے والی گاڑی پولیس نفری کو لیکر جا رہی تھی ،
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان سے ایلیٹ فورس کی نفری ٹکواڑہ چیک پوسٹ کے لیے جا رہی تھی کہ ٹانک اڈا کے قریب پولیس وین کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا
دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تو اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے اسپتال میں موجود پولیس اہل کاروں پر بھی فائرنگ کی گئی۔
زخمیوں میں عبدالحمید، اسحاق، قدرت اللہ، ناصر، یاسمین، شیرین، قمر زمان و دیگر شامل ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا آپریشن شروع کردیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا ۔ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے میں جاں بحق افراد کی عمریں 15سے 20 سال ہیں ۔ ایک جاں بحق شخص کی شناخت قمر زمان کے نام سے ہوئی ہے ۔
زخمیوں میں 2خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔ دھماکے کے بعد فائرنگ کے نتیجے میں ڈگری کالج کی طا لبات بھی زخمی ہوئی ہیں۔