لاہور( ای پی آئی)صوبہ پنجاب بھر میں خطرناک سموگ اور فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے پنجاب حکومت نے لاہور اور دیگر علاقوں میں رواں سال سموگ ٹاورز لگا کر چینی اینٹی سموگ ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی۔

چینی قونصلیٹ لاہور نے چین میں بنائے گئے سموگ ایٹنگ ٹاورز کے حوالے سے جامع دستاویزات وزیر اعلیٰ آفس ٹاسک فورس برائے سموگ کو فراہم کر دی ہیں۔ چینی قونصلیٹ لاہور کے اہلکار نے کہا کہ ہم نے چین میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے تمام مطلوبہ ڈیٹا اور معلومات اکٹھی کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ اگر وزیراعلیٰ آفس کو مزید مدد کی ضرورت ہے تو ہم ضرور اس کے مطابق کریں گے۔وزیراعلی سیکرٹریٹ کے اہلکار نے بتایا کہ پنجاب میں ہوا کے غیر صحت بخش معیار کے پیش نظر چینی سموگ ٹاورز فضائی آلودگی کا تریاق معلوم ہوتے ہیں۔

لاہور اور دیگر شہروں میں ایئر پیوریفیکیشن ٹاورز لگانے کے لیے چینی ٹیکنالوجی فائدہ مند ہو گی،سرحدی علاقوں اور صنعتی علاقوں کے قریب ہوا صاف کرنے والے ٹاور لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ انہیں جو معلومات ملی ہیں اس کے مطابق چین کے انسٹی ٹیوٹ آف ارتھ انوائرمنٹ نے شمالی شہر ژیان میں دنیا کا سب سے بڑا ہوا صاف کرنے والا مشین بنایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سموگ چوسنے والا ٹاور 100 میٹر سے زیادہ اونچا ہے اور اسے شہر میں ہوا کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جہاں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ معیارات باقاعدگی سے کم ہوتے ہیں۔