اسلام آباد (ای پی آئی ) خیبرپختونخوا اور پنجاب میں ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملوں کے بعد نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر پاکستان کو دوبارہ بے یقینی اور عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازش ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈی آئی خان، پسنی اور میانوالی میں حملہ آور دہشتگردوں کے نام الگ ضرور ہونگے لیکن پس پردہ دشمن ایک ہی ہے۔تمام سول اور ملٹری ادارے یک جان ہو کر خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع کریں گے اور دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔
واضح رہے کہ آج سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔


