اسلام آباد(ای پی آئی ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف توڑ پھوڑ اور احتجاج کے 3 مقدمات کی انسداد دہشت گردی عدالت میں سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے سماعت کی۔پراسیکیوٹر چھٹی پر ہونے کی وجہ سے عدالت کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔چیئرمین پی ٹی آئی کی 3ضمانت کی درخواستیں ہائیکورٹ نے بحال کردی تھیں،

ہائیکورٹ نے اے ٹی سی کو ضمانت کی درخواستیں دوبارہ سننے کی ہدایت کی،وکلا نے کہاکہ عدالت آئندہ سماعت پر دوسرے کیس کے ساتھ یہ سماعت بھی سن سکتی ہے،

جج نے ریمارکس دیئے کہ ریکارڈ ساتھ جیل لے جائیں پھر دیکھ لیں گے۔شاہ محمود قریشی کے وکیل علی بخاری عدالت کے سامنے پیش ہوئے،عدالت نے کہاکہ اگر چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کے ساتھ ہی سن لیں تو ٹھیک نہیں؟

وکیل علی بخاری نے کہاکہ میں تو ابھی تیار ہوں عدالت مجھے سن کر فیصلہ کردے،پراسیکیوٹر نے بھی کہا تھا شریک ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہو چکی ہیں،پولیس اگر شاہ صاحب کیخلاف بھی لکھ کر لے آئے تب بھی ضمانت تو کنفرم ہونی ہی ہے،

جج نے کہاکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں کے ساتھ ہی جیل میں اس سماعت کو سن لیں گے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہاکہ جیل میں ہی دونوں کیسز کی سماعت کرلیں گے،عدالت نے پراسیکیوٹر کی عدم موجودگی پر سماعت 14نومبر تک ملتوی کردی ۔