اسلام آباد(ای پی آئی )سپریم کورٹ آف پاکستان میں کانسٹیبل برطرفی کی آئی جی پنجاب کی اپیل پر سماعت،عدالت نے آئی پنجاب کی اپیل خارج کر دی ،
تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل کی برطرفی کیس میں آئی جی پنجاب کی اپیل پر سماعت ہوئی،
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ کانسٹیبل ایک خاتون کے ساتھ گھر میں نازیبا حرکات میں ملوث پایا گیا،
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہاکہ خاتون تو کہتی ہے کہ کانسٹیبل اس کا شوہر ہے،یہ کام پنجاب پولیس کا ہی ہو سکتا ہے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ پولیس نے مخبری پر کانسٹیبل کا پیچھا کرکے ریڈ کیا،
چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ کیا پنجاب پولیس کے مخبر اپنے ہی اہلکاروں کی مخبری کرتے ہیں کہ کون کہاں رات گزارتا ہے؟
جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہاکہ نجی گھر میں بغیر وارنٹ کے پولیس ریڈ کیسے کر سکتی ہے؟پولیس غیرقانونی ریڈ کرکے اپنے اختیارکا ناجائز استعمال کررہی ہے،کیا پولیس کے غیرقانونی اقدام کی سپریم کورٹ توثیق کرے؟
چیف جسٹس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیاکہ آپ کے پیچھے کھڑے پولیس اہلکار کون ہیں؟ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے جواب دیا کہ یہ ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر ہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر کی سرزنش کردی،
چیف جسٹس نے کہاکہ کیا بہاولنگر میں آج کرائم ریٹ صفر ہے جو ایس پی خود معمولی کیس کیلئے سپریم کورٹ آ گئے، ایس پی انویسٹی گیشن بہاولنگر کی اس کیس میں کیا ذاتی دلچسپی ہے؟
چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ اسلام آباد سے بہاولنگر کتنی مسافت پر ہے؟ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاکہ اسلام آباد سے بہاولنگر 700کلومیٹر ہے،
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پولیس افسران اپنے ذاتی خرچ پر آئے یا سرکاری سے ٹی اے ڈی اے لیں گے؟ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ پولیس افسران کے مطابق انہیں ہدایات ہیں کہ سپریم کورٹ میں خود پیش ہوں،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ افسران تو ایسے آئے ہیں جیسے یہ بڑا کیس ہے کہ اس سے پاکستان کی دیواریں ہل جائیں گی،
عدالت نے پنجاب پولیس کے کانسٹیبل کی برطرفی کی آئی جی پنجاب کی اپیل خارج کردی۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے بہاولنگر پولیس کے کانسٹیبل کی برطرفی ختم کردی تھی،آئی جی پنجاب نے برطرفی ختم کرنے کا ہائیکورٹ کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا،سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا کانسٹیبل کی برطرفی ختم کرنے کافیصلہ برقرار رکھا۔


