اسلام آباد(ای پی آئی)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی فرانزک رپورٹ سے عمران کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا، چوہدری پرویزالہی اعتماد کا ووٹ لیں یا نہ لیں دونوں صورتوں میں وزیراعلی نہیں رہیں گے۔ عمران خان کی 9جنوری کو اعتماد کا ووٹ لیناصرف خبر کی خبر رہے گی۔
شنیدمیں آیا ہے کہ عمران خان نے جڑواں شہر کے مکین سے ملنے کی کوشش کی مگر وہاں سے نمبر بند یا مصروف ملا اب خان صاحب کیلئے نہ کال آئیگی نہ پہاڑی کمک ۔ان خیالات کااظہار حافظ حمد اللہ نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی فرانزک رپورٹ سے ثابت ہوا کہ خان صاحب کو چار تو کیا ایک گولی بھی نہیں لگی جس سے عمران خان کا ایک اور جھوٹ پکڑا گیا اور بیانیہ ایک بار پھر جھوٹا نکلا۔رپورٹ میں عمران اسماعیل کی شلوار میں سے نکلی ہوئی چار گولیوں کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے،پتہ نہیں گولیاں ڈسپرین کی تھیں یا پیناڈول کی ؟قانون میں فواد چوہدری کی پریس کانفرنس نہیں پنجاب فرانزک رپورٹ قابل قبول ہے۔


