اسلام آباد(ای پی آئی)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ فزکس کے زیر اہتمام "میٹریل سائنس اور سمارٹ میٹریلز "کے موضوع پردو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس 7اور 8جنوری کو منعقد ہوگی۔ایٹمی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر این ایم بٹ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے جبکہ صدارت وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کریں گے۔

شعبہ فزکس کے چئیرمین، پروفیسر ڈاکٹرسید ظفر الیاس میزبانی کے فرائض انجام دیں گے۔اپنی نوعیت کی اس اہم کانفرنس میں 70پاکستانی یونیورسٹیوں اور 3بین الاقوامی جامعات کے سکالرز مقالے پڑھیں گے۔کانفرنس میں کم و بیش 350مقالے پیش کئے جائیں گے جو اسکالرز، یونیورسٹیوں اور صنعت کاروں کے لئے نہایت اہمیت کے حامل ہونگے۔

واضح رہے کہ دنیا نے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت ترقی کی ہے اور سائنسدانوں نے معاشرتی بھلائی کے لئے سمارٹ مواد تیار کیا ہے جس کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالنے اور طلبہ کو آگاہ کرنے کے لئے اس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔کانفرنس کا مقصد ملک کی سماجی، معاشی اور اقتصادی ترقی میں اس قسم کی تحقیق کو بروئے کار لانے کے لئے آگاہی پیدا کرنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹرسید ظفر الیاس کے مطابق یہ کانفرنس ملک میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی میں جاری سرگرمیوں کے تسلسل کا حصہ ہے۔