خبرنمبر1
پاکستان اور آئی ایم یف کے درمیان ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوگئے، اس حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تمام معاشی اہداف حاصل کرلیے ہیں، آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو70کروڑ ڈالر قرضے کی قسط جاری کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان نے بجلی کی قیمتوں میں بروقت اضافہ کیا، پاکستان میں آئندہ چند ماہ میں مہنگائی کم ہونے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق نگران حکومت بجلی کا بنیادی ٹیرف نہیں بڑھائے گی، مارچ تک بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔
خبرنمبر2
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام، مثبت انداز میں ہوا، مارکیٹ میں ٹریڈ والیوم 2 سال کی بلند ترین سطح 24.3 ارب روپے تک پہنچ گیا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کام کے آغاز کے بعد سارا دن کاروبار کا ملا جلارجحان دیکھنے میں آیا جہاں 100 انڈیکس میں 14 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔پی ایس ایکس بینچ مارک 100 انڈیکس کاروبار کے اختتام پر اس اضافے کے بعد 56 ہزار 680پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ میں بلند سطح 56 ہزار 846 پر بھی دیکھی گئی۔حصص بازار میں آج 66 کروڑ شیئرز کے سودے 24 ارب روپے میں طے ہوئے، اسی طرح پی ایس ایکس کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 27 ارب روپے بڑھ کر 8 ہزار 142 ارب روپے ہے۔مارکیٹ میں ٹریڈ والیوم 2 سال کی بلند سطح 24.3 ارب روپے تک پہنچ گیا، یہ حجم 29 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے مجموعی طور پر مارکیٹ میں 660 ملین شیئرز کا کاروبار ہوا۔
خبرنمبر3
لاہور میں ہفتے کو تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر بند رکھنے کا اعلان،کابینہ کمیٹی انسداد اسموگ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ لاہور میں ہفتے کے روز تعلیمی ادارے، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں دوپہر 3 بجے کے بعد کھلیں گی۔محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں اسموگ ایئر فلٹر آئیونائزر یونٹس لگائے جائیں گے، اس پر قابو پانے کیلیے اعلیٰ اختیاراتی انوائرمینٹل کمیشن قائم کیا جائے گا، مصنوعی بارش برسانے کیلیے یونیورسٹی کے ماہرین سے رابطہ کیا ہے۔
خبرنمبر4
سعودی عرب اور قطر سے سرمایہ کاری کیلئے اہم پیشرفت،گراں وفاقی حکومت نے سعودی عرب اور قطرکے ساتھ دو طرفہ سرمایہ کاری معاہدوں پر مذاکرات کی منظوری دے دی۔نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاہدوں اور منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں ایف بی آر کی سفارش پر بینکوں کےغیرمعمولی منافع پر 40فیصد ٹیکس کی منظوری دئی گئی جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس2001میں سیکشن 99ڈی بھی متعارف کرایا گیا ہے۔اس کے علاوہ ٹریڈ آرگنائزیشنز کے ریگولیٹرز سے متعلق کمیٹی قائم کرنے کی منظوری دے دی گئی, وزیر تجارت کمیٹی کے کنوینئر جبکہ ممبران میں وزیر قانون اور منصوبہ بندی شامل ہوں گے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کانگو، ملاوی، زیمبیا، زمبابوے اور جمہوریہ کرغز کو بزنس ویزا لسٹ میں شامل کرنے کی منظوری دی گئی 18افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنے اور9افراد کا نام شامل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ اعلامیے کے مطابق جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹی بجٹ برائے مالی سال2023-24کی منظوری دی گئی، رواں سال کے لیے بجٹ 267.590 ملین روپے رکھا گیا ہے۔
خبرنمبر5
خاتون ٹیچر نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔وہ 10 لاکھ امریکی ڈالر کا انعام حاصل کرنے والی دنیا کی آٹھویں استاد ہیں جنہوں نے اپنی کم عمری سے ہی غریب اور نادار بچوں کو مفت تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا۔سسٹر زیف نے بتایا کہ انہوں نے بطور ٹیچر اپنے کیریئر کا آغاز 13 سال کی عمر سے کیا اور اپنے گھر کے صحن میں اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا، وہ گزشتہ 26 سال سے بچوں کو تعلیم دے رہی ہیں اور خصوصی طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لئے سرگرداں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے اسکول کھولا تو ابتدا میں وہ طالب علموں کو ہر روز 4گھنٹے پڑھاتی تھیں اور خود ہر رات 4 گھنٹے اپنی تعلیم پر توجہ دیتی تھیں جب کہ بچوں کو پڑھانے سے پہلے8 گھنٹے کام بھی کرتی تھیں۔


