اسلام آباد(ای پی آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں شوہر کے ساتھ تنہائی میں ملاقات کیلئے دائر درخواست پر بشریٰ بی بی کی جانب سے دوران سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق پر عدم اعتماد کا اظہار درخواست کسی دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا ۔

سابق خاتون اول کی جانب سے وکیل انتظار پنجوتھہ نے عدالت سے استدعا کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ کے روبرو مقرر کردی جائے۔

وکیل نے کہا کہ ہمارے جتنے بھی کیسز آپ کے روبرو مقرر ہوئے، ان میں ایک ہی طرح کے فیصلے آرہے ہیں ۔ ہمارے اس بینچ میں جتنے بھی مقدمات ہیں، انہیں کسی اور بینچ کو منتقل کردیا جائے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ آپ بالکل نامناسب بات کررہے ہیں ۔ ایسے نہ کریں۔ چلیں پھر اس کو دیکھ لیتے ہیں ۔ ایسا نہیں ہے، جو فیصلے بھی ہیں وہ آپ چیلنج کر سکتے ہیں، کیے بھی ہوئے ہیں۔ عدالت کے سامنے بینچ پر اعتراض کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ۔

عدالت نے بشریٰ بی بی کی استدعا پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، اسلام آباد ہائی کورٹ بار، پاکستان بار کونسل، اسلام آباد بار کونسل کو نوٹس جاری کردیے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی۔